چندی گڑھ، 11/اگست(آئی این ایس انڈیا) گائے کے تحفظ کو لے کر چل رہی بحث کے درمیان ہریانہ حکومت نے ریاست میں گؤرکشک تنظیموں کے تمام ارکان کی پولیس سے توثیق کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت انہیں شناختی کارڈ جاری کرنے پر غور کر رہی ہے۔ہریانہ حکومت کے گؤ سیوا آیوگ نے کہا کہ اس اقدام سے سماج دشمن عناصر کو گؤرکشا کی آڑ میں وصولی کرنے اور لوگوں کو ہراساں کرنے سے روکا جا سکے گا۔ گؤسیوا آیوگ، ریاست میں گایوں کے تحفظ کے لیے سرگرمیوں کی دیکھ ریکھ کرتا ہے۔آیوگ کے صدر بھانی رام منگل نے کہاکہ ہم نے ریاست میں کام کرنے والی سبھی گؤرکشک تنظیموں کے ارکان کا پولیس سے توثیق کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک بار توثیق کر لینے پر ہم انہیں شناختی کارڈ جاری کر سکتے ہیں جو ان کی شناخت کو یقینی بنائے گا۔ منگل نے کہاکہ گؤ رکشا تنظیمیں گایوں کی اسمگلنگ یا مذبح لے جائی جا رہی گایوں کے بارے میں پتہ چلنے پر صرف پولیس کو مطلع کرے گی۔ وہ قانون کو اپنے ہاتھوں میں نہیں لیں گے۔گائے کے اسمگلروں پر کارروائی کرنا پولیس کا کام ہے۔